روزانہ 20 منٹ سے بھی کم وقت کی ہلکی ورزش جیسے چہل قدمی یا یوگا وغیرہ درمیانی عمر میں دماغ کو تنزلی کا شکار ہون سے بچانے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ میامی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہفتہ بھر میں 2 گھنٹے کی یہ ہلکی ورزش دماغ کو درمیانی عمر یا بڑھاپے میں جوان رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہلکی نوعیت کی جسمانی سرگرمیاں بھی دماغ کے لیے فائدہ مند ہیں۔
میامی یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران 11ہزار سے زائد رضاکاروں کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ ہلکی ورزش لوگوں کو ذہنی طور پر تیز رکھنے اور ذہنی کام کرنے میں موثر ثابت ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق 17 منٹ کی جسمانی سرگرمیاں دماغ کے مختلف حصوں جیسے توجہ مرکوز کرنا، مقاصد کا حصول اور ٹائم منیجمنٹ وغیرہ کی اہلیت بڑھاتی ہیں۔
ہلکی ورزشیں جیسے چہل قدمی، سائیکل چلانا اور یوگا وغیرہ دماغ کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ طویل المعیاد بنیادوں پر ہلکی ورزش کا پروگرام سوچنے کی صلاحیت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک کے لیے سخت ورزشیں کرنا ممکن نہیں ہوتا مگر ہر ایک ہلکی ورزشوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیورولوجی کلینیکل پریکٹس میں شائع ہوئے۔