برسلز(ویب ڈیسک)امریکہ نے خلیج فارس میں کسی بھی قسم کی جھڑپوں کی بابت نیٹو کے انتباہ کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برسلز میں نیٹو کے رکن ملکوں کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے امریکی وزارت جنگ کے نئے سرپرست مارک ایسپر نے امریکی اتحادیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ واشنگٹن، ایران کے ساتھ جنگ کا خواہاں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، اس علاقے میں بقول ان کے کوئی نیا سانحہ برداشت نہیں کرے گا۔بعض میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ برسلز میں نیٹو کے بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کے دوران فرانس کی وزیر دفاع فلورینس پارلے نے خبردار کیا کہ امریکہ، نیٹو کو خلیج فارس میں کسی نئی فوجی مہم جوئی میں الجھانے کی کوشش نہ کرے۔