امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک انسٹاگرام ماڈل کے لیے شارک مچھلیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کی کوشش اس وقت مہنگی پڑگئی جب ایک شارک نے اس پر حملہ کردیا۔
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ کترینا زروٹیسکا کے ساتھ یہ واقع جزائر بہاماس میں پیش آیا۔
ماڈل نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس نے سنا تھا کہ نرس شارکس کے ساتھ تیراکی کرنا ایک تفریح سے بھرپور تجربہ ثابت ہوتا ہے، تو اسے جب ان مچھلیوں کا ایک گروپ نظر آیا تو اس نے پانی میں چھلانگ لگادی۔
تاہم یہ یادگار ایڈونچر اس وقت خطرناک ہوگیا جب ایک شارک نے کترینا کے بازو کو دبوچ کر اسے پانی میں لے جانے کی کوشش کی۔
ماڈل نے بتایا ‘ اس نے میری کلائی کو اپنے منہ میں لیا اور مجھے اس کے دانت اپنے ہاتھ میں دھنستے ہوئے محسوس ہوئے’۔
حملہ کرنے والی مچھلی 5 فٹ بڑی تھی اور اس نے کترینا کو چند سیکنڈ کے لیے پانی کے اندر بھی کھینچ لیا، مگر خوش قسمتی سے وہ اپنے کلائی کو شارک کے منہ سے نکالنے میں کامیاب رہی۔
شارک کے منہ سے ہاتھ کو آزاد کراتے ہی کترینا نے خود کو پانی سے باہر نکالا اور محفوظ مقام کی جانب چلی گئیں۔
بعد ازاں انہیں ایک مقامی کلینک میں لے کر طبی امداد دی گئی تاہم وہ مزید علاج کے لیے واپس امریکا روانہ ہوگئیں کیونکہ انفیکشن کا خطرہ ظاہر کیا گیا تھا۔
ماڈل کے مطابق ‘ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ اب بھی زندہ ہوں جبکہ میرا بازو بھی سلامت ہے’۔