لاہور (ویب ڈیسک) لاہور میں شاپنگ مال میں آئینہ نہ دینے پر سیلز گرل پر تشدد کرنے والی خاتون صدف کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈٰیو وائرل ہورہی تھی جس میں ایک خاتون کو دیکھا جاسکتا ہے جو ایک لڑکی کو بالوں سے پکڑ کر فرش پر گھسیٹ رہی ہے جبکہ ارد گرد لوگوں کا ہجوم لگا ہوا ہے مگر کوئی اس لڑکی کی مدد کو نہیں آرہا۔ یہ غیر اخلاقی واقعہ لاہور کے مشہور شاپنگ سینٹر ” پیکجز مال ” میں پیش آیا۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور کے مطابق خاتون نے شاپنگ مال کے اندر میک اپ شاپ پر سیلز گرل سے آئینہ مانگا تھا، سیلز گرل نے انہیں بتایا کہ آئینہ موجود نہیں ہے جس پر خاتون نے طیش میں آکر اسے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے باہر لے آئی اور وہاں اس پر تشدد کیا۔ شاپنگ مال کے عملہ نے سیلز گرل کو چھڑانے کی کوشش کی مگر خاتون نے اسے بالوں سے سختی سے پکڑا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تشدد کرنے والی خاتون کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔لاہور پولیس نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات شروع کی اور عید کے دوسرے روز خاتون کا سراغ لگاکر اسے گرفتار کرلیا۔بدھ کے روز خاتون کو ماڈل ٹاون کچہری میں جوڈیشل میجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جس نے صدف کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ واقعے کا مقدمہ شاپنگ مال انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔ ایف آئی ار کے مطابق سیلز گرل کو جب تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا تو اس نے بچاو بچاو کہہ کر چیخنا شروع کیا۔ کچھ لوگ اس کو بچانے کے لیے آگے بڑھے لیکن خاتون نے ان پر بھی حملہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق فی الحال ملزمہ صدف ضمانت پر رہا کی گئی۔