لاہور ( ویب ڈیسک ) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قائم فاﺅنٹین ہاﺅس میں سب سے پہلے آنے والی خاتون 40 سال گزرنے کے باوجود آج بھی اسی جگہ پر مقیم ہیں۔ لاہور میں ذہنی مریضوں کیلئے قائم فاﺅنٹین ہاﺅس میں قمر نامی خاتون گزشتہ 40 برس سے مقیم ہیں۔ فاﺅنٹین ہاﺅس کی ذمہ دار خاتون کے مطابق مذکورہ خاتون گزشتہ40برس سے یہیں پر مقیم ہیں اور فاﺅنٹین ہاﺅس کی سب سے پہلی ممبر ہیں،ان کے شوہر جج اور ان کا بیٹا معروف وکیل ہے،دوروں کی وجہ سے وہ کبھی ان کو گھر ہی نہیں لے کر جاتے۔خاتون نے بتایا کہ بزرگ خاتون سارا دن دروازے کے پاس بیٹھی رہتی ہیں اور ہر آنے جانے والے کو دیکھ کر کہتی ہیں میرا بھائی آگیا، میرا بیٹا مجھے لینے آگیا، ہم لوگ ان کی دلجوئی کیلئے کہہ دیتے ہیں کہ آپ کو لینے کیلئے2بجے آجائیں گے۔اینکر نے بزرگ خاتون سے سوال پوچھاکہ آپ کا بیٹا آپ کو لینے نہیں آتا تو خاتون نے بتایا کہ ان کا بیٹا اپنے گھر میں رہتا ہے۔ فاﺅنٹین ہاﺅس کی ذمہ دار خاتون نے بتایا کہ مریضہ خاتون کا بیٹا کئی سال بعد انہیں دیکھنے آتا ہے،کبھی کبھار ڈرائیور آتا ہے اور حال چال پوچھ کر چلا جاتا ہے۔