حکومت ڈیزل پر 98 ، مٹی کے تیل پر 61 اور پٹرول پر 52 فیصد ٹیکس لے رہی ہے ، عوام کو چونا لگانے پر آئی ایم ایف سے داد بھی حاصل کی ہوگی
اسلام آباد (یس اُردو) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام کے معاشی قتل عام کیخلاف عمران خان کا کنٹینر ایک مرتبہ پھر ڈی چوک جانے کا وقت آ گیا ، عوام کو چونا لگانے پر حکومت آج دبئی میں آئی ایم ایف سے داد وصول کر رہی ہو گی ۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی جیب میں ہاتھ اور معیشت کی گردن پر پاؤں رکھ کر “کوئی بچنے نہ پائے” کا نعرہ لگا رہی ہے ، ڈیزل کی اصل قیمت 38.2 روپے ہے جس پر حکومت 37.6 روپے ٹیکس کے نام پر بٹورتی ہے ، ڈیزل پر 98 ، مٹی کے تیل پر 61 جبکہ پٹرول پر 52 فیصد ٹیکس لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ہفتہ پہلے کروڑ پتی افراد کو ٹیکس ایمنسٹی کے نام پر معافی دی ہے ، عوام کو چونا لگانے پر حکومت آج دبئی میں آئی ایم ایف سے داد وصول کر رہی ہو گی ۔