آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمٰن کے دنیا بھر میں لاکھوں مداح موجود ہیں جن میں ایوانکا ٹرمپ بھی شامل ہوگئی ہیں، ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی بھارتی شہر حیدرآباد میں 26 نومبر سے شروع ہونے والے کنسرٹ اے آر رحمٰن انکور میں شرکت کریں گی۔
یہ گلوبل انٹر پرینیور شپ سمٹ کی افتتاحی شب کو منعقد کیا جائے گا جو 28 سے 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ ایونٹ کے آرگنائزر کے قریبی ذرائع نے کہا کہ جی ہاں ایوانکا ٹرمپ نے ہم سے رابطہ کیا اور شرکت میں دلچسپی ظاہر کی۔ اگر سب کچھ طے ہوگیا تو پھر امکان ہے کہ وہ حیدرآباد کے کنسرٹ میں شرکت کریں۔ ذرائع نے کہاکہ اس کے بعد سے شو کے پرموٹرز سیکورٹی کے حوالے سے تمام اقدامات کررہے ہیں، اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کنسرٹ میں حیدرآباد اور دیگر علاقوں سے 30 ہزار سے زائد مداحوں کی شرکت متوقع ہے۔ اے آر رحمٰن تقریبا 5 سال بعد بھارت میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ کنسرٹ میں ان کے موسیقی کی دنیا میں 25 برس مکمل ہونے کا جشن منایا جائے گا۔ چار شہروں پر مشتمل دورے کا آغاز حیدرآباد سے کیا جائے گا۔ ایوانکا ٹرمپ کی شرکت کے حوالے سے جب اے آر رحمٰن کی ٹیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بارے میں کچھ علم نہیں۔