ننکانہ صاحب: نواحی گاؤں میں ظالم جاگیردار نے معمولی بات پر گھریلو ملازمہ کو زندہ جلا دیا۔
Jagirdar burned a household employee alive in Nankana
ننکانہ صاحب کے نواحی چک 19 میں ایسا واقعہ پیش آیا جس پر شیطانیت بھی شرما گئی مگر آسمان ٹوٹا نہ زمین پھٹی۔ شقی القلب جاگیردار نے پٹرول چھڑک کر اپنی ملازمہ کو زندہ جلادیا۔ ملازمہ فریاد کرتی رہی لیکن ظالم جاگیردار پر کوئی اثر نہ ہوا اور نہ ہی فوزیہ بی بی کی مدد کیلئے کوئی آیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی بااثر جاگیردار کے آگے بے بس نظر آتے ہیں۔ پولیس نے بھی جاگیردار کے خلاف تاحال کوئی کارروائی کی نہ ہی کسی حاکم نے واقعے کا نوٹس لیا۔ بااثر ملزم بدستور قانون کی گرفت سے آزاد ہے۔ پولیس کے مطابق بااثر جاگیردار نے 5 بچوں کی ماں فوزیہ بی بی کو پیشگی لی گئی رقم واپس نہ کرنے پر جلایا۔ فوزیہ بی بی کو تشویشناک حالت میں فیصل آباد الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ یوں غربت کے ہاتھوں ایک اور زندگی کا چراغ گل ہوگیا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ظالم کب قانون کی گرفت میں آئے گا۔ مظلوم فوزیہ کی فریاد پر یقینا قانون قدرت حرکت میں آئے گا اور ظالم جاگیردار کو دنیا میں نہیں تو آخرت میں ضرور سزا بھگتنی ہی ہوگی۔