ممبئی……برصغیر کے معروف غزل گائیک جگجیت سنگھ کی 75ویں سالگرہ پیر کو منائی گئی ۔ جگجیت سنگھ نے غزل گائکی سے تقریباً چاردہائیوں تک شائقین کے دلوں پر راج کیا ہے اورآج بھی لوگ انہیں ان کی گائی ہوئی یادگار غزلوں کے ذریعہ یاد کرتے ہیں۔
آٹھ فروری 1941کو راجستھان کے علاقہ شری گنگانگر میں پیدا ہوئے جگجیت سنگھ کا بچپن کا نام جگ موہن تھالیکن ان کے والد کے کہنے پرانہوں نے اپنا نام جگجیت سنگھ رکھ لیا۔بچپن کے دنوں سے ہی جگجیت موسیقی میں دلچسپی رکھتے تھے۔جگجیت سنگھ نے موسیقی کی تعلیم استاد جمال خان اور پنڈت چھگن لال شرما سے حاصل کی۔1965میں وہ پلے بیک سنگر بننے کیلئے بھارت کے فلمی مرکزممبئی آئے اور ابتداءسے ہی انہیں کمرشلز میں کام کرنے کا کا موقع ملا۔اس دوران ان کی ملاقات مشہور پلے بیک سنگر چترادتا سے ہوئی اوردونوں نے 1969میں شادی کرلی۔شادی کے بعد جگجیت اور چترا کی جوڑی نے کئی البموں میں اپنی جادوئی آواز کا سحر دکھایا۔جگجیت نے پرائیویٹ البم میں پلے بیک سنگنگ کے علاوہ کئی فلموں میں بھی اپنی سحر انگیز آواز سے شائقین کو لطف اندوز کیا ہے۔2003میں جگجیت سنگھ کو بھارتی حکومت کی جانب سے پدم بھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا۔جگجیت سنگھ 10اکتوبر 2011کو عارضہ قلب کے باعث چل بسے ۔ جگجیت سنگھ کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی اوردیگر بھارتی شہروں میں تقریبات منائی گئی اور ان کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔