لاہور (ویب ڈیسک) سینیٹر سراج الحق نے کورونا کے پیش نظر جماعت اسلامی کی جانب سے ملک میں رجوع الی اللہ مہم کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے کہا ہےکہ کورونا سے بچاؤ کیلئے صدر وزیر اعظم،چیف جسٹس اور آرمی چیف رجوع الی اللہ مہم کی قیادت کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے بڑے پروگرام عارضی طور پر معطل کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے آج پوری دنیا میں خوف کا عالم ہے۔ اس عالمی وباء کے امتحان و آزمائش سے نکلنے کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ہمیں انفرادی و اجتماعی زندگی میں گناہوں سے توبہ و استغفار اور اللہ کی رضا و فرمانبرداری کا رویہ اپنانا چاہیے۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ عدالت اور صحافت سمیت ہر ادارہ ان کے کنٹرول میں ہو۔ان کا کہنا تھا کہ صحافت حکومت کو آئینہ دکھاتی ہے آئینہ توڑنے کی بجائے حکومت اپنی اصلاح کرے ۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ ملک میں انیس مہینوں سے کرونا وائرس کی حکومت ہے، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی تبدیلی پیلی بلکہ گیلی ہو چکی ہے، پنجاب حکومت نے بل پاس کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پرچی سرکاری اور فیس پرائیویٹ ڈاکٹر کی ہو گی۔ جوہر ٹاؤن میں عوامی رکشہ یونین کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں امیرجماعت اسلامی سینٹر سراج الحق، امیر پنجاب جاوید قصوری، چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری سمیت جماعت اسلامی اور عوامی رکشہ یونین کے رہنمائوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے،غریب کے لیے سیاست کے دروازے بند جبکہ امیر کے پاس تمام سہولیات میسر ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے اب تو دال ماش بھی دال بدمعاش بن گئی ہے۔