دورہ پاکستان کے لئے ورلڈ الیون میں شمولیت کے لیے نیوزی لینڈ کے کرکٹر جیمی نیشم کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔
James Neesham of New zealand name also included in the World XI team
اگلے ماہ ستمبر میں ورلڈ الیون کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان آئے گی جب کہ پی سی بی کی جانب سے چند روز میں کھلاڑیوں کے حتمی ناموں کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔ نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق ورلڈ الیون میں شمولیت کے لیے نیوزی لینڈ کے تین کرکٹرز سے رابطہ کیا گیا تھا جن میں سے جیمی نیشم سے معاملات طے پاچکے ہیں۔
میڈیا کے مطابق جیمی نیشم کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی درکار ہے جب کہ انہیں دورہ پاکستان کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کی گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے میڈیا کے مطا بق سابق کیویز کپتان ڈینیئل ویٹوری نے ورلڈ الیون میں شمولیت سے انکار کردیا تاہم آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ نے ابھی پاکستان جانے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا کیوں کہ وہ ان دنوں انگلینڈ میں کھیلے جانے والی کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ ماہ ستمبر میں آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی لاہور میں کرےگا جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ جنوبی افریقا کے کرکٹر ہاشم آملہ اور عمران طاہر ورلڈ الیون ٹیم کا ممکنہ طور پر حصہ ہوں گے جب کہ پی سی بی نے ورلڈ الیون کی کپتانی کے لئے فاف ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ سے رابطہ کیا تھا۔