اسلام آباد(ایس ایم حسنین) جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے اثاثوں اور جائیداد کی خریدوفروخت کی غلط خبریں منظر عام پر آنے کے بعد سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک ارب روپے کے ھرجانے کے نوٹس کے بعد جے یو آئی نے ٹی وی چینلز کے خلاف کارروائی کے لئے پیمرا سے بھی رجوع کرلیاہے۔ اس سلسلے میں سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، شاہدہ اختر علی، مفتی ابرار احمد کی جانب سے پیمرا کو باضابطہ تحریری درخواست دے دی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اثاثوں سے متعلق نشر ہونے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں ۔جبکہ نیب نے مولانا فضل الرحمان کے اثاثوں سے متعلق کوئی پریس ریلیز بھی جاری نہیں کیا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اثاثوں سے متعلق غلط خبریں نشر کرنا نہ صرف غیر ائینی اور غیر قانونی اقدام ہے بلکہ پیمرا قوانین کے بھی خلاف ہے،ان اثاثوں سے متعلق غلط خبریں نشر کرنے والے ادارے ثبوت فراہم کریں۔ثبوت فراہم نہ کرنے والے اداروں کے خلاف پیمرا قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے۔ اس سے قبل جے یو آئی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے متعلق غلط خبریں چلانے والے ٹی وی چینلز مالکان کو ایک ایک ارب روپے کے ھرجانے کے قانونی نوٹسز بھی دیئے جا چکے ہیں