کُل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر آج دنیا بھر میں کشمیری مسلمان یوم سیاہ منا رہے ہیں ،مقبوضہ کشمیر،آزادکشمیر سمیت دنیا بھرمیں آج بھارتی مظالم اور کشمیرپرغاصبانہ قبضے کے خلاف خصوصی تقاریب،احتجاج اور مظاہرےکیے جارہے ہیں ۔
بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 69سال مکمل ہونے اور بھارتی مظالم کے خلاف آج مقبوضہ کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجودکشمیری یوم سیاہ منارہے ہیں۔
مظفرآباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی کال پر پاسبان حریت آزاد جموں کشمیر کا سیاہ پرچم بردار مارچ کیا گیا جبکہ گھڑی پن چوک میں سیاہ پرچم بردار بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا ۔
میرپور آزاد کشمیر میں مختلف مقامات پر بھارت کےخلاف احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں ۔پلندری میں یوم سیاہ کا آغاز کوٹلی چوک سے ہوا اور کچہری چوک جلسہ کی شکل اختیار کرگیا ۔
ڈپٹی کمشنر، ایس ڈی ایم ،تمام ضلعی افسران ، تاجران اور اسکول کے بچوں نے شرکت کی۔27اکتوبر 1947کو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر چڑھائی کی تھی اور اس پر کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کو پامال کرتے ہوئے زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔