برسلز: مقبوضہ کشمیراور بھارت میں انسانی حقوق کی گھمبیر صورتحال کے بارے میں ایک سیمینار 9 دسمبر بروز بدھ بلجیم کے دارالحکومت برسلز کے پریس کلب Rue Froissart 95 میں دن ایک بجے سے سہ پہر تین بجے تک منعقد ہوگا۔ سیمینار میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کا کام پونے ایک بجے شروع ہوجائے گا۔
سیمینار کو’’بھارت اور کشمیرمیں انسانی حقوق کے تحفظ کا کون ذمہ دارہے؟‘‘ کا عنوان دیاگیاہے اور اس کا اہتمام انٹرنیشنل کونسل فار ہیومن ڈی ویلپمنٹ (آئی سی ایچ ڈی) کررہی ہے۔
سیمینار کے دوران مقررین بھارت اور کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالیں گے اور اس موضوع پر مباحثہ ہوگا اورایک دستاویزی فلم بھی دکھائی جائے گی۔آئی سی ایچ ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق، سیمینار کے مقررین ’’ایم او‘‘ میگزین کے ایڈیٹر ’’گی گوریس‘‘، رکن ای یو پارلیمنٹ ڈاکٹر سجادکریم، رکن ای یو پارلیمنٹ ٹونے کیلام اور چیئرمین دل خالصہ ہیومن رائٹس انٹرنیشنل پریتھپال سنگھ خالصہ ہوں گے۔
دریں اثناء، چیئرمین آئی سی ایچ ڈی کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے انسانی حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاہے کہ تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی مقبوضہ کشمیرمیں روزمرہ کا معمول بن گیاہے۔ قتل عام، جنسی زیادتی، جبری گم شدگی، تشدد، آزادی اظہارپر پابندی اور گولی کا استعمال بھارتی حکام کاظالمانہ حربہ ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہم یورپی حکام اور عوام کو مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے دیگر علاقوں میں انسانی حقوق کی گھمبیرصورتحال کے بارے میں آگاہ کرناچاہتے ہیں تاکہ کسی بھی طریقے سے ان مظالم کو روکاجاسکے۔