لیوٹن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی لیوٹن برانچ کے صدر شاہد ملک، جنرل سیکرٹری امجد لون، اشتیاق بٹ، صدر محمد ارشد، قمر سجاد اور فیاض احمد نے پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی سازشوں کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر ایک نا قابل تقسیم وحدت ہے۔
قابض ممالک اس وحدت کو توڑ کر ریاست کے سینے پر ایک اور خنجر گھونپنا چاہتے ہیں ہمیں مادر وطن کی تقسیم کے لئے کی جانے والی تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور ہر فورم پر صدائے احتجاج بلند کرنا ہے ان اور ان جیسی کئی اور تقسیم کی ساذشوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے قابض ممالک نےدونوں ہاتھوں سے ریاست کے تمام تر وسائل پر اپنا ہاتھ کر رکھا ہے اب مادر وطن کو ٹکڑوں میں تقسیم کر کے ادھر تم ادھر ہم کی پالیسی پر غور کیا جا رہا ہے جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی گلگت بلتستان کو پاکستان کا آئینی صوبہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی اور ہماری مسلسل جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ ہم مادر وطن متحدہ جموں کشمیر کی قومی آزادی اور غیر طبقاتی سماج کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
لیوٹن برانچ کے رہنماوں نے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کی نو منتخب کابینہ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام نو منتخب عہدیداران کی عملی جدو جہد سے بخوبی واقف ہیں اور ہمیں بھر پور اعتماد ہے کہ نئی کابینہ ریاست کی وحدت ، مکمل آزادی و خودمختاری و خوشحالی کے لئے اور استحصال سے پاک معاشرہ کے قیام کے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔