اسلام آباد (جیوڈیسک) کرپشن کے خاتمے اور غریب عوام کو حقوق دلوانے کا عزم لیے، رکن قومی اسمبلی جمشید دستی مظفر گڑھ سے تیرہ روز میں سائیکل ریلی لے کر اسلام آباد پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے منفرد انداز اپناتے ہوئے اپنے حلقے سے پارلیمنٹ تک ایک ہزار کلو میٹر کا سفر سائیکل پر 25 مارچ کو شروع کیا اور 7اپریل کو اسلام آباد پہنچے۔
اس موقع پر جمشید دستی کہتے ہیں کہ بڑی گاڑیوں میں تو سبھی آتے ہیں انہوں نے ایک عام آدمی کی سواری کا انتخاب کیا، ملک میں کریشن کے خاتمے کے لیے سائیکل پر اکیلا ہی نکلا تھا 20 سے 25 دوست خود ساتھ آ گئے۔ جمشید دستی کہتے ہیں کہ وہ احتساب بل قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کریں گے۔
کل میں پارلیمنٹ میں جا کر احتساب بل پیش کروں گا۔ اس سے پہلے اسلام آباد میں داخلے پر فیض آباد میں جمشید دستی کا قافلہ روکا گیا تو انہوں نے احتجاجا مری روڈ بند کر دیا، لیکن شہریوں کے جارحانہ رویے کے باعث تھوڑی ہی دیر بعد کھولنا پڑگیا اور بعد میں جمشید دستی اپنے قافلے کے ہمراہ اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت سے اسلام آباد میں داخل ہوگئے۔