ٹوکیو(یس ڈیسک)ماہر آثار قدیمہ نے جاپانی جزیرے اوکناوا کی ایک غار سے دنیا کے قدیم ترین مچھلیاں پکڑنے والے کانٹے دریافت کر لئے ہیں جو تقریبا 23ہزار سال پرانے ہیں۔
سائنسدانوں کی ایک تحقیق کے مطابق کانٹوں کی یہ جوڑی سمندری سیپی کو تراش کر بنائے گئے تھے اور اس کے ساتھ دیگر قدیم باقیات بھی ملی ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ محدود وسائل کے باوجود اس جزیرے پر انسانی آبادی کم از کم 30 ہزار سال سے یہاں مقیم رہی ہے جبکہ انسان پہلی بار ان جزائر پر 50 ہزار سال قبل آباد ہوئے تھے۔تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ جزیرہ تیمور سے ملنے والے مچھلی پکڑنے والے کانٹوں کے بارے میں خیال تھا کہ یہ کم از کم 16000 سال پرانے ہیں جبکہ اس سے قبل پاپوا نیوگینی میں 18000سال پرانے کانٹے دریافت ہوئے تھے۔
واضح رہے جاپان کی جس غار سے یہ کانٹے ملے ہیں وہاں سے کچھ اوزار، موتی اور کھانے پینے کے سامان کی باقیات بھی دریافت ہوئی ہیں۔