پٹنہ (نمائندہ خصوصی) جاپان سے شائع ہونے والے مقبول ترین آن لائن اردو اخبار ‘اردو نیٹ جاپان’ کے چیف ایڈیٹر اور جاپان انٹرنیشنل جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے چیئرمین ناصر ناکاگاوا کے سفر ناموں اور دلچسپ مضامین پر مشتمل کتاب ‘دنیا میری نظر میں’ اب انڈیا میں بھی دستیاب ہے۔
انڈیا میں کتاب حاصل کرنے کے لیے اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی کامران غنی صبا سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ناصر ناکاگاوا کی یہ دوسری تصنیف ہے۔ اس سے قبل ”دیس بنا پردیس” نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔
مشہور پاکستانی سائنس داں ڈاکٹر عبد القدیر خان سمیت متعدد دانشوران علم و ادب نے اس کتاب کی ستائش کی۔ ناصر ناکاگاوا کی تازہ تصنیف ‘دنیا میری نظر میں’ کی تقریب رسم اجرا گزشتہ ہفتہ جاپان کے شہر کوسی گایا سٹی میں ہوئی تھی جس میں انڈیا سے پروفیسر خواجہ اکرام الدین سمیت دنیا بھر سے دانشوران علم و ادب نے شرکت کی اور ناصر ناکاگاوا کی ادبی و صحافتی خدمات کی ستائش کی۔
‘دنیا میری نظر میں’ میں بنکاک، ہانک کانگ، سائوتھ کوریا، انڈیا، قطر، پاکستان اور فلپائن کے سفرناموں کے علاوہ تحقیقی، ادبی اور جاپانی تہذیب و ثقافت کے حوالے سے کئی اہم ، دلچسپ اور معلوماتی مضامین شامل ہیں۔
ساڑھے چار سو صفحات پر مشتمل یہ کتاب 600 روپے (ہندوستانی) میں کامران غنی صبا (پٹنہ) سے حاصل کی جا سکتی ہے۔پٹنہ، بہار میں یہ کتاب ‘بک امپوریم سبزی باغ میں بھی دستیاب ہے۔