کشمیریوں پر مظالم کے خلاف جاپانی بھی سامنے آگئے ہیں،جاپان کی معروف ماڈل نے بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم اور معصوم بچیوں کی عصمت دری اور ان کے قتل کے واقعات پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آوازیں بلند ہورہی ہیں وہیں جاپان میں بھی نہ صرف عام جاپانی شہری بلکہ فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کشمیری بھائیوں کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔
اس حوالے سے جاپان میں فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف ماڈل اینامورا سکائی نے بھی کشمیر کے عوام کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں اور بہنوں جاپان کے عوام آپ کے ساتھ ہیں ،جاپانی ماڈل نے اس موقع پرپاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا ۔
اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کا کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز کو دبانا ظلم اور زیادتی کی انتہائوں کو پہنچ چکا ہے جسے دنیا کے عوام کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا ایک دن بھارت کو کشمیر کو آزادی دینا پڑےگی اور کشمیر کے آزادی کے لیے جاپان سمیت دنیا بھر سے آوازیں بلند ہوتی رہیں گی ، جبکہ جاپان میں وہ اپنا تمام اثر وسوخ استعمال کرکے کشمیر کا مسئلہ اٹھاتے رہیں گے ۔