راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل جنرل راحیل شریف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ جس میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک ایران بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شخصیات نے موجودہ صورتحال میں امت مسلمہ کی یکجہتی اور ہم آہنگی زور دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونیوالی کامیابیوں اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جواد ظریف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔