ہر روز نئی کہانی نیاتماشہ اور پھر یوٹرن، تبدیلی والے جن چیزوں پرتنقید کرتے تھے انہیں مباح قرار دے رہے ہیں، جاوید بٹ
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے سابق صدر جاوید بٹ نے ملک میں دہشتگرد حملوں سے پیدا صورتحال اور دھرنوں کو جائز قرار دینےوالوں کے نت نئے یوٹرنز کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا کر کے مسلم لیگ ن کی تمام محنت کو ضائع کیا جارہا ہے۔ کراچی اور اورکزئی میں دہشتگرد حملوں سے انتہائی نازک صورتحال پیدا ہوچکی ہے ایسے میں تحریک لبیک کے دھرنوں کو جائز قرار دینے والوں نے اپنی حکومت کیخلاف دیئے دھرنوں پر انہیں نشانہ بنانا شروع کردیا ہے ۔
یہ حکومت مسلم لیگ ن کے جن اوصاف کو عزت و غیرت کے خلاف قرار دیتی رہی آج انہی باتوں کو اپنے لئے مباح اورجائز قرار دے رہی ہے ۔ یہ کیسے لوگ ہیں جو ہر روز نئی کہانی گھڑتے، ہر روز نیا تماشہ کرتے، ہر روز جگ ہنسائی کے باوجود ڈیٹھائی دکھاتے، ہر روز جھوٹے لارے جھوٹی تسلیاں دیتے اور پھر یوٹرن والے حربے استعمال کرتے ہیں ۔قوم کو نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ ایک بے یقینی کی سی صورتحال ہے ۔ ان تبدیلی والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔