اسلام آباد، لندن: ملک کے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں ان کے دونوں بیٹے شریک ہوں گے لیکن جمائمہ خواہش کے باوجود تقریب میں نہیں آ سکیں گی۔
عمران خان کے بچے سلیمان عیسیٰ خان او رقاسم خان تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ضرور آئیں گے، کیونکہ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی وزیراعظم بنیں گے ، انہیں تقریب حلف برداری میں ضرور شریک کیا جائے گا البتہ ان بچوں کی والدہ اور عمران کی سابقہ بیوی جمائما اس تقریب میں خواہش کے باوجود شریک نہیں ہوسکیں گی۔
جمائما کی خواہش تھی کہ وہ اپنے بھائی زیک گولڈ سمتھ جوبرطانیہ میں وزیر بھی ہیں، کے ساتھ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں لیکن ان کی شرکت سے عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ عمران خان کے صاحبزادگان پاکستان آئیں گے تو وہ بنی گالہ میں نہیں ٹھہریں گے تاہم وہ کہاں قیام کریں گے اس سے متعلق کوئی واضح اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔