موسم سرما کی سردراتوں میں عموماََ خشک میوہ جات بڑے شوق سے کھائے جاتے ہیں، انہی میوہ جات میں ایک پستہ بھی ہے۔ اکثرخواتین توان کے چھلکے پھینک کر میزصاف کرلیتی ہیں لیکن کچھ سلیقہ شار اور تخلیقی ذہن کی مالک خواتین ان چھلکوں کو پھینکنے کے بجائے انہیں جمع کرلیتی ہیں اور پھر ان کو پینٹ کرکے یا توکوئی دال پینٹنگز بنالیتی ہیں یا پھر کانوں کے ٹپس یا گلے کاہار۔
آج ہم آپ کو پستے کے چھلکوں سے دیدہ زیب ہاربنانے کا طریقہ بتارہے ہیں جس کی تفصیل ذیل میں ہے۔
اشیاء: پستے کے چھلکے کارڈبورڈ کے چھوٹے ٹکڑے، گلوگن، پینٹ، برش، چین، جمپ زنگز، نیڈل نوزاور قینچی۔
نیکلس بنانے کا طریقہ:
کارڈ بورڈ کی آدھے دائرے کی شکل میں نیکلس کی بیس بناکر کاٹ لیں اور جمپ رنگ کوکارڈبورڈ اور چین کے ساتھ گلوکی مدد سے اٹیچ کرلیں۔
پھر پستے کے چھلکوں کو اپنے پسندیدہ رنگوں سے پینٹ کرلیں، کوشش کریں کہ کسی ہلکے رنگ کا پینٹ کریں۔
اگر آپ کے پاس کوئی ہلکا رنگ فی الوقت دستیاب نہیں تو آپ کسی بھی گہرے رنگ کے اندر سفید پینٹ مکس کرکے اپنا پسندیدہ رنگ بناسکتی ہیں۔
پستے کے چھلکوں کو پینٹ کرنے کے بعد تھوڑی دیر خشک ہونے کیلئے رکھ دیں۔ خشک ہونے کے بعد ایک اور کوٹ کردیں اور اسی طرح تھوڑی دیر بعد تیسرا کوٹ نفاست سے کریں۔ تاکہ پستے کے چھلکے کی سطح دکھائی نہ دے اور یہ خوبصورت نظر آئے۔ اس کے بعد اس کے اوپر تھوڑا ساپارہ لگادیں تاکہ نیکلس میں تھوڑی سے چمک پیدا ہوجائے۔
خشک ہونے کے بعد ان چھلکوں کو اوپر تصویر میں دکھائے گئے طریقے کے مطابق کارڈبورڈ کی نچلی سطح سے گلوکی مدد سے چپکالیں۔ تیارہونے کے بعد اسے کمرے کے ایک کونے میں رکھ دیں تاکہ یہ اچھی طرح خشک ہو جائے۔ لیجئے آپ کانیکلس تیار ہے آپ اسے گلے میں پہن سکتی ہیں۔