جھنگ میں پولیس کے رویے سے دلبرداشتہ شخص نے خود کو تھانے کے اندر آگ لگا لی۔ محمد صفدر اپنی بیوی سے زیادتی کے ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس کے بعد ڈی ایس پی او رایس ایچ او کو معطل کر دیا۔
جھنگ: پولیس بااثر ملزمان کے سامنے بے بس ہو گئی۔ جبو آنہ کی رہائشی خاتون سے تین ملزمان نے زیادتی کی، جس پر خاتون کے شوہر صفدر نے تھانہ اٹھارہ ہزاری میں مقدمہ درج کروایا۔ تاہم پولیس نے بااثر ملزمان کو گرفتار کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا۔ صفدر نے احتجاج کیا تو تفتیشی افسر نے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا، جس پر دلبرداشتہ ہو کر صفدر نے تھانے میں ہی خود کو آگ لگا لی۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او نے ڈی ایس پی صدر طاہر اور ایس ایچ او تھانہ اٹھارہ ہزاری غلام عباس کو معطل کر دیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی اور متاثرہ شخص کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔