نئی دہلی (پریس ریلیز ) جماعت اسلامی ہند کی مہم امن و انسانیت کے تحت فرید آباد میں ایک بڑے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے مرکزی سکریٹری مولانا ولی اللہ فلاحی نے کہا کہ پیار و محبت انسان کی فطرت میں شامل ہے لہذا ملک کے ہر شہری امن و امان نہ صرف خود چاہتا ہے بلکہ اس کے قیام میں تعاون بھی کرتا ہے۔اس کے باوجود کچھ لوگ ہیں جو سماج کو توڑنا چاہتے ہیں،ایسے لوگ سب کچھ ہو سکتے ہیں لیکن وہ مذہبی نہیں ہوسکتے۔وہیں یہ بات بھی حقیقت ہے کہ امن کاقیام وہی لوگ کر سکتے ہیں جن کے دلوں میں خدا کا خوف ہو، جو اپنے مذہب کی تعلیمات پر عمل کرنے والے ہوں نیز مذہب کا علم بھی رکھتے ہوں۔لیکن جہاں ایک جانب شہریوں کے ذریعہ امن کا قیام عمل میں آئے گا وہیں حکومت اور انتظامیہ کو بھی اپنا کردا ر ادا کرنا ہوگا۔
اگر ایسا نہیں ہوا تو صحیح بنیادوں پر جمہوری ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ولی اللہ فلاحی نے یہ بھی کہا کہ وہ لوگ جو نفرت کو فروغ دینے والے ہیں، سماج کو تقسیم کرنے والے ہیں،انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ان کی لگائی ہوئی یہ نفرت کی آگ کبھی بھی اپنی چپیٹ میں انہیں بھی لے سکتی ہے۔جس سے نہ صرف ملک متاثر کا امن و امان متاثر ہوگا بلکہ وہ خود اپنے ہی کھودے گڈھے میں کبھی بھی گرسکتے ہیں۔لہذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ایسے لوگوں سے گفت و شنید کریں ،سمجھائیں اور اس عمل سے باز رکھیں۔تاکہ ملک بھی ترقی کرے اور اہل ملک بھی ۔
افتتاحی خطاب میں میڈیا میڈیا سکریٹری اور مہم کے کو کنوینر محمد آصف اقبال نے مہم کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔
ملک اور دہلی و ہریانہ میں جو سرگرمیاں مہم کے دوران رہیں انہیں سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ ہم نے اس مہم کے دوران تقریباً80چھوٹی و بڑی نشستیں کی ہیں،پولیس اور ایڈمنسٹریشن کو امن و امان برقرار رکھنے کی جانب متوجہ کیا ہے، انہیں اپنی ڈیمانڈس کے ساتھ میمورنڈم دیئے ہیں،اسکولوں میں طلبا و طالبات کے ساتھ ،سماج کے سوچنے سمجھنے والے لوگوں کے ساتھ، مذہبی رہنمائوں کے ساتھ امن و امان کے قیام کے لیے میٹنگیں کی ہیں۔سبھی نے اس مہم کا ہر سطح پر استقبال کیا ہے اور اپنا تعاون دینے کا وعد ہ کیا ہے۔دوران مہم چند مقامات پر سدبھائونا منچ قائم ہوئے ہیں اور مہم کے فالواَپ کے طور پر ہم ہر مقام پر امن کمیٹیاں قائم کریں گے۔آپ سب کا ہمیں تعاون درکار ہے۔
رما بھائی جی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دھرم صرف ایک ہے انیک نہیں ہو سکتے ۔یہ لڑانے اور تفریق کا کام سیاسی لوگ کرتے ہیں تاکہ وہ حکومت کر سکیں ،ہمیں ایسے سیاسی لوگوں کو اقتدار نہیں دینا چاہیے۔امام و خطیب ،قاری رمضان نے کہا یہ امن و انسانیت کے قیام کی سعی وجہد،جو حددرجہ مشکل ترین کام ہے،ایسا عظیم کام جماعت اسلامی ہند ہی کر سکتی ہے۔صحیح بات یہ ہے کہ یہ مہم ان کی فکر کی عکاسی کرتی ہے ۔قاری رمضان نے ملک میں تبدیل ہوتا تعلیمی نصاب پر بھی اپنی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس بدلتے ہوئے نصاب کے ذریعہ امن کا قیام مشکل ترین کام ہے۔ساتھ ہی تاریخ جو جس طرح مسخ کی گیا ہے آپ نے اس پر بھی اپنی تشویش ظاہر کی۔
بدھ سماج کے نمائندے، ماسٹر چکر سنگھ جی نے کہا کہ بدھ دھرم ،دھرم نہیں ہے بلکہ ایک راستہ ہے جو زندگی کے شب و روز میں انجام دیے جانے والے کاموں کی صحیح راہنمائی کرتا ہے۔قدرت نے ہمیں جب پیدا کیا تو کسی مذہب کے علمبردار کے طور پر پیدا نہیں کیا، بلکہ حقیقت میں یہ مذہب میں بانٹنے اور تقسیم کرنے کا کام ہماراگھر اور خاندان کرتا ہے۔فرید آباد سیکٹر 6کے کانسلر ،پردیپ رانانے کہا کہ فی الوقت ملک اور سماج کے جو حالات ہیں اس میں اس طرح کے پروگراموں کی بڑی اہمیت ہے۔ہندو مسلم ایکتا کے لیے میں ہمیشہ جماعت کے ساتھ ہوںاور اپنا ہر طرح کا تعاون دینے کو تیار ہوں۔
فوگاٹ اسکول،فریدآباد کے ڈائیریکٹر، ستیش فوگاٹ نے کہا کہ غلط فہمیوں کو دور کرنا آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔یہ کام جماعت اسلامی ہند نے جس خوبی کے ساتھ انجام دیا ہے ،وہ قابل مبارک باد ہیں۔آپ کو یہ بات بھی بتاتے چلیں کہ فوگاٹ اسکول میں تقریباً 300طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے درمیان ستیش فوگاٹ نے چند دن قبل امن و انسانیت کے موضوع پر اپنے اسکول میں ایک خصوصی لیکچر کے لیے جماعت کے ذمہ داران کو موقع بھی فراہم کیا تھا۔ورپول،ملازم یونین کے لیڈر گریش چند نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور کہا کہ سیاسی پارٹیاں اپنے منشور میں کبھی بھی سماج کو لڑانے کی بات نہیں کرتیں اس کے باوجود ان کا طرز عمل منشور کے خلاف کام کرتا ہے۔ایسے حالات میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ امن کے قیام میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔میں جماعت اسلامی کی اس مہم اور اس کی تمام چھوٹی و بڑی سرگرمیوں میں ہر سطح پر تعاون دینے کو تیار ہوں۔پروگرام کی نظامت خلیق الزماں ،ناظم علاقہ ہریانہ نے کی اور اظہار تشکر امیر مقامی رفیق احمد نے ادا کیا۔
میڈیا انچارج
حلقہ دہلی و ہریانہ
فلاح الدین فلاحی
9555272017