کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنماء حیدر عباس رضوی کا ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران اسماعیل اور ان کے ساتھیوں کی شرانگیزی کی مذمت کرتے ہیں۔
عمران اسماعیل اپنے کارکنوں کی بڑی تعداد کیساتھ اچانک جناح گراؤنڈ پہنچے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شہداء کی یادگار پر کھڑے ہو کر گالیاں دی گئیں۔
غنڈہ عناصر نے جناح گرائونڈ کے چاروں جانب لگیں الطاف حسین کی تصاویر پھاڑ دیں۔ اس کے بعد عمران اسماعیل اپنے کارکنوں کے ہمراہ کراچی پریس کلب پہنچے اور کرسیوں پر زبردستی بیٹھ کر پریس کانفرنس شروع کر دی۔
پریس کلب انتظامیہ کے منع کرنے پر انھیں بھی برا بھلا کہا گیا۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں حصہ لینا تمام جماعتوں کا آئینی حق ہے تاہم جناح گرائونڈ واقعہ سے تحریک انصاف کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں کہ وہ طاقت کے زور پر انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے۔ جمہوریت کا مطلب صرف انتخابات نہیں بلکہ عوام کا دل جیتنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا حلقہ این اے 246 ایم کیو ایم کا گڑھ ہے۔ ہمیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوڈ آف کنڈیکٹ بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن اور انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔