پاناما کیس میں تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم کے صاحبزادوں کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حسین نواز کو نو جون بروز جمعہ صبح گیارہ بجے طلب کیا گیا ہے جبکہ حسن نواز کو دس جون، بروز ہفتہ صبح گیارہ بجے طلب کیا گيا ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے بڑے صاحب زادے حسین نوازجے آئی ٹی میں ساتویں مرتبہ جبکہ ان کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز جے آئی ٹی کے سامنے دوسری مرتبہ پیش ہوں گے،جے آئی ٹی نے حسن نواز سے پہلی مرتبہ پیشی کے موقع پر 7گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔
جے آئی ٹی کے سامنے پہلی پیشی پر طویل پوچھ گچھ کے بعد حسن نواز نے وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کی عمارت سے باہر آکر میڈیا سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں کی تھی۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے بڑے صاحب زادے حسین نوازنے جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویرلیک ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھادیا ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی ہے۔ حسین نوازنے مزید بتایا کہ جے آئی ٹی میں پیش ہونے والوں کو گرفتاری اورسنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔