وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی میں غفلت پر پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کے کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ کو معطل کر دیا ہے جبکہ تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔
کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ثناء اللہ زہری نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کے کمانڈنٹ کیپٹن (ر) طاہر نوید، ڈپٹی کمانڈنٹ یامین خان اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد اجمل کو معطل کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ افسران غفلت کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف فوری کارروائی آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں کے حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ بریگیڈئیر بلال علی کی سربراہی میں بنائی گئی جے آئی ٹی میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن اعتزاز گورایہ، ایف سی اور تمام متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہونگے۔ وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری نے سانحہ کوئٹہ کی جوڈیشل انکوائری کے لیے بھی چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو درخواست دے دی ہے۔