برازیلیا : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے برازیل میں اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں سیکورٹی اور دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، برازیل کی عسکری قیادت نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سرکاری دورے پر برازیل پہنچ گئے ہیں۔ جنرل راشد محمود نے برازیل کی وزارت دفاع کا دورہ کیا۔ برازیلین چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل جوزے ڈی ناربی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور دفاعی صنعت کے شعبے میں باہمی تعاون، پیشہ وارانہ اور فوجی تربیت سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راشد محمود نے برازیل کے آرمی ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا ، برازیلین جنرل ایڈریاڈو ڈائس دکوستا ولاسبوس سے بھی ملاقات کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے برازیل کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ بریگیڈیئر نیواڈو لوئس وساتو سے بھی ملاقات کی۔
برازیل کی عسکری قیادت نے پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ اور قیام امن کیلئے کوششوں اور قربانیوں کو سراہا، جنرل راشد محمود نے برازیل کے سپریئر وار کالج کا بھی دورہ کیا۔