لاہور: فنکشنل لیگ اور (ق) لیگ کے رہنماؤں کی مشترکہ نیوز کانفرنس، ہم نےملک میں کام کرکےدکھایا، جن کوکام کاتجربہ ہےان کوآگے آناچاہیے۔ 2013 کےالیکشن جیسی نگران حکومت نہیں آنی چاہیے۔ ملک سےدہشت گردی کےخاتمےکاسہراپاک فوج کوجاتاہے۔
مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا لاہور میں چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں چوہدری پرویز الہیٰ اور طارق بشیر چیمہ نے پیرا پگارا کا استقبال کیا۔ چوہدری شجاعت حسین، پیرا پگارا اور پرویز الہی کی ملکی سیاست پر مشاورت ہوئی اور آئندہ انتخابات اور نگران سیٹ اپ پر بھی مشاورت کی گئی۔
فنکشنل لیگ اور (ق) لیگ کے رہنماؤں نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی جس میں پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نےملک میں کام کرکےدکھایا، جن کوکام کا تجربہ ہے ان کو آگے آنا چاہیے۔ پاکستان کی اصل نمائندہ جماعت سامنے آئے گی۔ ہم تمام جماعتوں کوایک جھنڈے تلے جمع ہونے کی دعوت دیتےہیں۔ تمام مسلم لیگی ذہن رکھنے والے ایک جگہ جمع ہوں گے۔ قومی سطح پر ایک ایسی سیاسی جماعت ہوگی جو پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک جماعت نےملک کی معیشت کابیڑہ غرق کیا۔ ملک میں مہنگائی مسلم لیگ (ن) کی بدولت ہے۔
مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا کہ 2013 کےالیکشن جیسی نگران حکومت نہیں آنی چاہیے۔ 2013 والی نگران حکومت آئی توملک کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔ پاک افواج کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا۔ ملک سےدہشت گردی کے خاتمے کا سہرا پاک فوج کو جاتا ہے۔ سیاسی جماعتیں تو کریمنل کوتحفظ دیتی رہی ہیں۔ اللہ فوج کا بھلا کرے آج ان کیوجہ سے ہم آزادی سے گھوم رہے ہیں۔ اب ہم نے آنیوالی نسل کو اچھا ماحول دینا ہے۔ اب ہمیں نوجوانوں کے لیے سوچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نشان پرالیکشن لڑیں گے تو سب کو فائدہ ہوگا۔ جو سندھ میں الائنس وہی پنجاب میں بنانا چاہتے ہیں۔ مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں، مسلم لیگ کے لیے کام کروں گا۔ اگرہم ایک ہوجاتے ہیں توبہت بڑی طاقت بن سکتے ہیں۔