مانچسٹر (عارف پندھیر سے) صحافت ایک پاکیزہ پیشہ ہے ، اسے بددیانت اور بے ایمان لوگوں سے پاک کرنا بھی ایک عبادت کا درجہ رکھتا ہے۔صحافیوں کی انجمنوں کے بعض ٹھیکیداروں نے صحافت کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرکے صحافت کے پیشے کو سخت نقصان پہنچایاہے۔
صحافت کے میدان میں سیاسی مداخلت کامکمل صفایاکرناہوگا۔ پریس کلب آف پاکستان صحافیوں کی ایک قوت ہے جس کو صحافیوں کی بہبود کیلئے استعمال کیاجائے گا۔ تحریک آزادی پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا کے کاندھوں پر ملک کی بقاء اور سلامتی کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ جس سے عہدہ براہونا ہی صحافیوں کی اولین ترجیح ہونا چاہئے ۔ ان خیالات کااظہار پریس کلب آف پاکستان کے ایک اجلاس میں تقررناموں کی تقسیم کے موقع پر صحافیوں اور قومی رہنماؤں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کی صدارت پریس کلب آف پاکستان کے سرپرست اعلیٰ خواجہ وسیم الطاف نے کی جبکہ مہمان خصوصی ذیشان اکاؤنٹنٹ کمپنی کے چیئرمین جناب راسب تھے ۔ پریس کلب آف پاکستان کے چیف الیکشن کمیشنر چوہدری یوسف اور الیکشن کمشنر شیخ اعجازافضل نے آئندہ دو سال کیلئے منتخب ہونے والے پریس کلب آف پاکستان کے عہدیداروں کو تقررنامے دیئے اور ان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ نئے عہدیداروںمیں صدر محبوب الہی بٹ ، سینئر نائب صدر چوہدری عارف پندھیر ، نائب صدر چوہدری تاثیر احمد ،سیکرٹری جنرل شکیل قمر ،جائنٹ سیکرٹری محمو داصغر ، سیکرٹر ی خزانہ صابرہ ناہید چوہدری ، ریکارڈ سیکرٹری شوکت قریشی ، سیکرٹری اطلاعات شہزاد علی مرزا، کوآرڈینیٹر لیاقت علی شفقت شامل ہیں۔
نومنتخب صدر محبوب الہی بٹ نے ایک پیغام میں تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ان کو عہد کرنا ہے کہ انہیں جس مقصد کیلئے نومنتخب کیاگیا ہے وہ اسے سب سے مقد م رکھیں گے ۔ اپنے عہد ے اور تنظیم کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیں گے ۔ دوسرے عہدیداروں اور ارکان کی عزت نفس کا پورا پورا احترام کریں گے ۔ تنظیم کے اعلیٰ مقاصد کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مجھے اور تمام عہدیدارو ں کو اپنے عہد پر قائم رہنے کی توفیق عطافرما۔