اسلام آباد (جیوڈیسک) 2013ءکے عام انتخابات میں مبینہ منظم دھاندلی کی تحقیقات کرنے والا جوڈیشل کمیشن آج سے اوپن کارروائی کا آغاز کرے گا۔
متعدد سیاسی جماعتوں اور افراد نے کمیشن کے روبرو بیانات ،مبینہ شواہد اور درخواستیں جمع کرادی ہیں۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3 رکنی جوڈیشل کمیشن نے 2013ء کے انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو 15اپریل کی شام 6بجے تک بیانات اور مبینہ دھاندلی کے شواہد جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
آخری روز پاکستان پیپلز پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی ، مسلم لیگ ق سمیت 26کے قریب افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے اسحاق خان خاکوانی وکلاء کے ساتھ کمیشن میں درخواست پیش کرنے آئے۔
جماعت اسلامی ،عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق کی طرف سے بھی کمیشن کے روبرو درخواست اور شواہد آخری روز داخل کیے گئے۔
چیف جسٹس پاکستان ناصر المک کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل عدالتی کمیشن 16 اپریل کو دوپہر ایک بجے کھلے عام اپنی کارروائی کا آغاز کر رہا ہے۔