روجھان: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ الیکشن کمیشن نااہل اور کرپٹ ہے۔
رحیم یار خان کے علاقے روجھان میں سیلاب متاثرین سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ انہوں نے دھرنے کے ذریعے جنگ لڑ کر انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنوایا، جس کی رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن نااہل اور کرپٹ ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ عوام کے حقوق کی جنگ کے لئے میدان میں نکلیں، ایک جانب وہ الیکشن کمیشن پر اپنے احتساب کے لئے دباؤ ڈالیں گے اور دوسری جانب ایک عام پاکستانی کی ضروریات اور اس کے حقوق کے لیے جنگ لڑیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ کسان ساراسال محنت کرکے فصل تیار کرتا ہے لیکن کٹائی کے وقت پانی آجاتا ہے، پچھلے 2 برس میں ملک کا کسان پس کر رہ گیا ہے، شریف برادران چھٹی بار پنجاب پر بادشاہت کررہے ہیں لیکن انہیں لاہور سے دور دراز علاقوں کی کوئی فکر نہیں، رحیم یار خان اور روجھان میں اگر برساتی نالوں کی صفائی اور حفاظتی بند تعمیر کرائے جائیں تو کسانوں کو معاشی نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔
پنجاب حکومت نے 150 ارب روپے 2 میٹرو منصوبوں پر خرچ کئے لیکن کسانوں کے لئے بند نہیں بنائے کیونکہ حفاظتی بند بنانے میں زیادہ کمیشن نہیں بنتا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وہ ایک عام پاکستانی کی ضروریات اور اس کے حقوق کے لئے جنگ لڑیں۔