ايم کیو ايم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں چائنا کٹنگ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن بنایا جائے، جو ملوث ہو اُسے سزا دی جائے۔انہوں نے مسمار کئے گئے مکانات اور شادی ہالز کے متاثرین کی قانونی مدد اور ہفتے کو ان کے حق میں مظاہرے کا اعلان بھی کیا ہے۔فاروق ستار کراچی کے مختلف علاقوں میں مکانات اور شادی ہالز مسمار کئے جانے پر ناخوش،ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل سے بستیوں میں کیمپ اور ہفتے کو متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج سپریم کورٹ نہیں بلکہ حکومت کیخلاف ہوگا۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کے ڈی اے کے افسران بھی قبضہ مافیا کے ساتھ ذمہ دار ہیں، قبضہ مافیا کی سزا غریب عوام کو ملے تو ہمیں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔فاروق ستارنے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان متاثرین کو ہی وکیل بنا کر ان کے مقدمات سپریم کورٹ میں لے کر جائے گی اور اعلیٰ عدالت سے درخواست کرے گی کہ متاثرین کو رہائش کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے۔