اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو لکھا گیا خط عمران خان کا اعتراف شکست ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کی سماعت کرنے والے جوڈیشل کمیشن کے سامنے تحریک انصاف دھاندلی سے متعلق دستاویزات، ثبوت اور گواہ پیش کرنے میں ناکام رہی ہے اوراب جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں ریٹرننگ افسران کو بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو عمران خان کا یوٹرن اورتضاد ہے اس لئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنا جھوٹ تسلیم کریں اور معافی مانگ کر الزامات واپس لیں۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتی ہے اور جوڈیشل کمیشن میں اس کا مطالبہ اس لئے ہے کہ قومی ترقی کے اہداف حاصل نہ کئے جاسکیں، عمران خان دہشت گردی کےخاتمے اور ملکی ترقی کےقومی ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔