اسلام آباد(ایس ایم حسنین)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر جمیعت علمائے اسلام ف کے راہنما نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری سینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز دی ہے اور اس معاملے پر ان سے بات کریں گے۔ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بلاول سے پوچھیں گے کہ تحریک عدم اعتماد تو ہم چیئرمین سینیٹ کے خلاف بھی لائے تھے۔ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے تو کیا ہمارے دانے پورے ہیں؟ کیا بلاول بھٹو کو گارنٹی ہے کہ کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) نے بھی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تجویز مسترد کر دی تھی۔
احسن اقبال نے کہا بھی یہی کہا تھا کہ بلاول بھٹو کے پاس نمبرز پورے ہیں تو سامنے لائیں۔ سینیٹ میں نمبر گیم پوری ہونے کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تھی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری طاقت کو نکالنا جانتے ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے پلیٹ فارم سے ناجائز حکومت کو گھر بھیجیں گے جب ہم حملہ کریں گے تو کٹھ پتلی کو گھر جانا ہو گا۔