اسلام آباد(ویب ڈیسک)جمعیت علما اسلام ف نے حکومت مخالف تحریک کے پلان بی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہو نے والے اجلاس میں وفاقی حکومت کے خلاف آزادی مارچ اور دھرنے کی حالیہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔جے یو آئی ف کے پلان بی
میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی اہم شاہراہیں ، روالپنڈی اور اسلام آباد میں اہم ترین مقامات پر لاک ڈاون بھی شامل ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی امراءنے مولانا فضل الرحمان کے سامنے پلان بی سے متعلق اپنی تیاری اور آگے کے لائحہ پر بریفنگ دی، مولانا نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔پلان بی کی تشکیل کے بعد مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے ۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر ہونے والے کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔کابینہ کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سب سے زیادہ مخالفت وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کی۔ کابینہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ڈٹ کر مخالفت کی اور کہا کہ انہوں نے 16 سالہ وکالت میں ایسی مثال نہیں دیکھی کہ مجرم کا بیرون ملک علاج ہو۔ اجلاس کے دوران وزیر مواصلات مراد سعید، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وفاقی وزیر علی زیدی اور عثمان ڈار نے بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے حق میں بات کی۔