لاہور : این اے ایک سو بائیس میں کامیابی کے لئے مسلم لیگ نون اور پاکستان تحریک انصاف نے سر دھڑ کی بازی لگا رکھی ہے۔ اِس حوالے سے مسلم لیگ نون کے اُمیدوار ایاز صادق کو جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ کی حمایت مل جانے کی صورت میں اہم کامیابی ملی ہے۔ اِس موقع پر ایاز صادق نے حمایت پر جے یو آئی کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
دوسری طرف وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے سمن آباد کے علاقے میں نون لیگ کے ایک انتخابی دفترکا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کے نشتر برسائے۔ اس موقع پر نون لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے جن کے درمیان نعرہ بازی کا مقابلہ ہوتا رہا تاہم بیچ بچاؤ ہو جانے کے باعث معاملہ صلح صفائی سے نمٹ گیا۔
دوسری جانب جمعیت علمائے پاکستان نورانی گروپ نے بھی لاہور کے ضمنی الیکشن میں نواز لیگ کے امیدوار سردار ایاز صادق کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔