اسلام آباد: طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف نعت خواں جنید جمشید کی لاش کی شناخت ہوگئی۔
یس نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ترجمان پمز اسپتال نے جنید جمشید کی لاش کی شناخت کی تصدیق کردی ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق جنید جمشید کی لاش کی شناخت ان کے چہرے کے ایکسرے اور دانتوں کی ہسٹری سے کی گئی ہے۔ ترجمان پمز کا کہنا ہےکہ جنید جمشید کے ڈینٹل ایکسرے امریکا سے منگواکر شناخت کی گئی جب کہ ان کی شناخت فرانزک ماہرین نے کی جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر 13 میتوں کی شناخت ہوچکی ہے۔دوسری جانب جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید کا کہنا ہے ہمیں جنید جمشید کی ڈی این رپورٹ کا انتظار کریں گے جو بدھ تک آئے گی اور رپورٹ آنے کے بعد ہی میت کراچی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنید جمشید کی نماز جنازہ معین خان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جب کہ تدفین جنید جمشید کی خواہش کے مطابق دارالعلوم کراچی میں کی جائے گی۔اس سے قبل حادثے میں جاں بحق ہونے والی جنید جمشید کی اہلیہ نیہا کی بھی شناخت ہوچکی ہے جس کے بعد ان کی میت کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 7 دسمبر کو پی آئی اے کی چترال سے اسلام آباد جانے والی پرواز حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت تمام 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے