دورہ انگلینڈ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل نہ کئے جانے پر فاسٹ بولر جنید خان انتہائی افسردہ ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ انہوں نے برطانیہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
لاہور: (یس اُردو) میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ بولر جنید خان دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر افسردہ ہیں اور انہوں نے پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد برطانیہ میں مستقل رہائش اختیار کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ میچوں میں 71 وکٹیں اپنے نام کرنے والے جنید خان کو قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کیلئے نظر انداز کر دیا ہے۔ انضام الحق کا کہنا ہے کہ گھٹنے کی انجری کے بعد سے جنید خان اپنے ردھم میں آنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ جنید خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی۔ پی ایس ایل میں ان کی شاندار کارکردگی کو بے حد سراہا گیا تھا۔ پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے نئی اور پرانی دونوں گیندوں کے ساتھ جنید خان کو آزمایا تھا جس میں وہ کامیاب رہے۔ تاہم اب یہ 26 سالہ نوجوان لیفٹ آرم بولر طویل عرصہ سے قومی ٹیم سے غیر حاضر ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کی جانب سے مسلسل نظر انداز کئے جانے کی وجہ سے جنید خان کافی افسردہ ہیں اور اسی وجہ سے وہ برطانیہ کو اپنی مستقل سکونت بنانے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق جنید خان کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ اب اس کیلئے بہتر ہے کہ وہ برطانیہ میں اپنی نئی زندگی اور کرکٹ کا آغاز کرے۔