عمران خان نے کرپشن اور پاناما لیکس کے معاملے کیخلاف 7 اگست سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں کہ اگر حکومت ہمارے ٹی او آرز تسلیم کر لے تو تحریک روک دیں گے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ملک میں جاری کرپشن اور پاناما لیکس کے معاملے کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں۔ کرپشن کیخلاف تحریک کا آغاز 7 اگست سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عوام میں شعور پیدا کریں گے، اس کے بعد دھرنا دیا جائے گا۔ تحریک کیلئے تمام صوبوں میں کمیٹیاں بنیں گی۔ تاہم عمران خان کا کہنا تھا کہ کئی معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ متفق ہیں۔ اگر حکومت ہمارے ٹی او آرز پر کمیٹی بنا دے تو تحریک رک جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (نیب) نے پاناما لیکس کے معاملے پر ایکشن کیوں نہیں لیا؟۔ نیب کو پاناما لیکس کے بعد شریف خاندان کیخلاف ایکشن لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 25 جولائی کو نیب آفس کے سانے مظاہرہ کیا جائے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے عمران خان نے کہا کہ اگر پاکستان میں مارشل لا لگے گا تو اس کا سب سے زیادہ نقصان تحریک انصاف کو ہوگا۔ ہم پاکستان میں آزاد جمہوریت کیلئے لڑ رہے ہیں۔ تحریک اںصاف آج ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ کیا میں نے گزشتہ 20 سال سے مارشل لا کیلئے جدوجہد کی ہے؟