اسلام آباد: جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے چیئرمین نیب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔
چیئرمین نیب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سینئر نیب افسران سے ملاقاتیں کی جس میں انہوں نے نیب کے ماتحت جاری تمام ریفرنسز اور تحقیقاتی رپورٹس کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ گزشتہ روز قبل حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں مشاورت کے بعد چیئرمین نیب کے لیے جسٹس (ر) جاوید اقبال کے نام پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد وزارت قانون کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو چیرمین نیب تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جسٹس(ر) جاویداقبال نے 28 اپریل 2000 کو سپریم کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بطور چیف جسٹس بھی فرائض سر انجام دیے جب کہ اس کے علاوہ انہوں نے ایبٹ آباد کمیشن اور لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی بھی کی۔