سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزماں صدیقی آج سندھ کے نئے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جبکہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ وہ مطمئن ہیں ۔گورنر کی حیثیت سے کراچی سمیت صوبے کی عوام کی خدمت کی اور عوامی فلاح کے لئے جو کر سکتے تھے وہ کیا۔
سندھ کے نئے گورنر جسٹس ریٹائر سعید الزماں صدیقی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں رات ساڑھے دس بجے ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نئے گورنر سے حلف لیں گے۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان آج گورنر ہاؤس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری، ڈی جی رینجرز اور ڈی نیب سمیت اعلی حکام اور مختلف شخصیات سے الوداعی ملاقاتیںکریں گے۔
جیو نیوز سےخصوصی گفتگو میں ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ وہ مطمئن ہیں کہ انہوں نے صوبے کی عوام کی خدمت کی اور کراچی سمیت سندھ میں تعلیم اور انفراسٹریکچر کی ترقی کے لئے جو کر سکتے تھے انہوں نے کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ آج نئے گورنر کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کریں گے۔