کابل میں گزشتہ روز مسجد پر ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ افغان وزارت صحت کے ترجمان کی جانب سے پہلے 50 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی تھی جن میں بچے، عام شہری اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بتائی گئی تھی۔
تاہم، اب افغان وزارت صحت نے 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 40 سے زائد زخمی ہیں۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کابل کی مسجد میں حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز امام زمان نامی مسجد پر خودکش حملہ کیا گیا تھا۔