ولنگٹن……کیویز کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن مک کلم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وہ آخری بار ملک کی نمائندگی کریں گے ۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کین ولیم سن کیویز ٹیم کی قیادت کریں گے۔ نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز برینڈن مک کلم کسی بھی بولنگ اٹیک کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کیویز آل راونڈر برینڈن مک کلم نے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز دو ہزار چار میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سے کیا ۔ اب تک انہوں نے ننانوے ٹیسٹ کھیلے ہیں اور چھ ہزار دو سو تہتر رنز بنائے ہیں، اس میں ایک ٹرپل اور دو ڈبل سنچریاں شامل ہیں ۔ ٹیسٹ کیریئر میں کیویز آل راونڈر کا اسٹرائیک ریٹ تریسٹھ اعشاریہ سات ایک ہے۔ محدود اوورز کے میچوں میں بھی برینڈن مک کلم کا رکارڈ شاندار ہے ۔ انہوں نے دو سو تئیس ون ڈے کھیل کر پانچ ہزار نو سو نو رنز بنائے ۔ ایک سو چھیاسٹھ ان کا سب سے بہترین اسکور ہے ۔ اسٹرائیک ریٹ پچانوے سے زیادہ رہا۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں نیوزی لینڈ کے اسٹار کرکٹر نے اکہتر میچوں میں دو ہزار ایک سو چالیس رنز بنائے۔ اسٹرائیک ریٹ ایک سو چھتیس سے زیادہ رہا ۔ برینڈن مک کلم فروری میں آسٹریلیا کے خلاف سیریزکھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔