پیرس(نمائندہ خصوصی) کامران بٹ، جنرل سیکرٹری آل پارٹیز جموں اینڈ کشمیر فورم فرانس نے 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 اگست سہ پہر 03:00 بجے سے شام 05:00 بجے تک پیرس کے مشہور مقام ایفل ٹاور پر کشمیری شہدا کی حمایت اور جدوجہد آزادی کشمیر کی حمایت کیلئے عظیم الشان مظاہرہ کیا جائیگا۔ تمام کشمیری و یورپی کمیونٹی کے افراد اس مظاہرہ میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کی آواز بنیں۔
انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری نصف صدی سے بھی زائد عرصے سے بھارتی جبر و استبداد کا شکار ہیں۔ بھارت نے کشمیر میں بربریت کی اندوہناک داستانیں رقم کر رکھی ہیں ۔ اس اندھیری رات کے اختتام کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ تمام کشمیری مظاہرے میں آئیں اور کشمیری بھائیوں کی آواز بنیں اور مظلوموں کی آواز بنیں ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نہ ہی بھارت کے قبضے کو مانتے ہیں نہ ہی بھارتی قابض آئین کشمیر کو مانتے ہیں اور نہ ہی بھارت کو جمہوری ملک مانتے ہیں کشمیری عوام پر فوج کشی اور ظالمانہ مظالم کو جاری رکھنے کے لئے کٹھ پتلی حکومت سے اسی نئے آئین کشمیر کے تحت قانون سازی کراتے ہیں اور بھارت کے کالے قوانین کشمیر درآمد کر کے کشمیریوں کو سیاسی اور آئینی بنیادی حقوق سے محروم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگانے والا بھارت اپنی دہشتگرد تنظیموں کے زیر اثر غلیظ ترین نظام چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت میں کشمیریوں مسلمانوں سمیت سکھ مذہب کے لوگ اور دوسری ریاستیں بھی ظلم کا شکار ہیں جس کا سد باب نہ تو انڈین قانون کرسکتا ہے نہ عدالتیں۔ بلکہ ہندوستانی عدالتیں بھی دہشتگرد تنظیموں اور دہشتگرد اور انتہا پسند وں کے زیر اثر کسی کشمیری کو اوردوسری اقلیتوں کے لوگوں کو نہ انصاف فراہم کرتی ہیں اور نہ ہی ان سے بچانے کیلئے کوئی اقدام کرسکتی ہیں ایسی حالت میں کشمیری مسلمانوں کو بھارت سے آزادی ملنی چاہیے تاکہ کشمیری مسلمان اپنے دین و مذہب اور روایات کے مطابق حقوق حاصل کرسکیں اور زندگیاں گزار سکیں۔