کراچی: اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کے لئے شرح سود 7 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال اور ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئی ہے، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی درجہ بندی مثبت کردی ہے، ملک کی موجودہ اقتصادی صورت حال کے پیش نظر مرکزی بینک نے آئندہ دو ماہ کے لئے شرح سود 7 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ترقیاتی اخراجات میں اضافے سے شرح نمو بہتر ہوئی ہے، اس کے علاوہ خدمات کے شعبے میں بہتری آئی ہے۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 0.3 فیصد کمی ہوئی۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی متوقع کم قیمت کی وجہ سے افراط زر میں بھی خاصی کمی آئی، ملک میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال سے کم ہے، جولائی میں مہنگامی کی شرح 8.6 فیصد سے کم ہوکر 4.5 پر آگئی تھی۔ آیندہ مالی سال میں بجٹ خسارے کاجی آئی ڈی سی اور دیگر معاملات سے گہرا تعلق ہو گا۔