ممبئی: بھارت کے مشہور ترین مزاحیہ شو’ فیملی ٹائم ود کپل‘ کو بند کر دیا گیا۔
بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کے ستارہ آج کل گردش میں ہیں،کپل ساتھی فنکار سنیل گروور (ڈاکٹر گلاٹی) سے لڑائی اور پھر سابقہ گرل فرینڈ اور صحافی کے ہراساں کرنے کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، مزید ستم یہ کہ کپل کی خراب صحت کی وجہ سے فلم ’باغی ٹو‘ کی کاسٹ سمیت متعدد سپر اسٹار کا سیٹ پر طویل انتظار کے بعد انتظامیہ کو پروگرام کی ریکارڈنگ کو کئی بار منسوخ بھی کرنا پڑا جس کی وجہ سے نہ صرف شو کی انتظامیہ بلکہ ٹی وی چینل کو بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے معروف کامیڈین کپل شرما کے شو ’فیملی ٹائم ود کپل‘ شو کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شو بند کرنے کی وجہ کپل شرما کا غیر ذمہ درانہ رویہ اور صحافی کو کال کے ذریعے دی جانے والی گالیوں کا سوشل میڈیا پر وائرل ہونا ہے جب کہ کپل کی فون کال سے ثابت ہوتا ہے کہ کپل ذہنی طور پر پریشان ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کپل شرما کی جانب سے اپنی سابقہ گرل فرینڈ پریتی سموس اور صحافی کے خلاف ہراسانی کا الزام عائد کیا گیا تھا اور ٹوئٹر پر ایک ویب سائٹ کے ایڈیٹر کو گالیوں کے ذریعے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔