پاکستانی اداکار کا جادو سرحد پار بھی سر چڑھ کر بولنے لگا، کپور خاندان کے چشم و چراغ رنبیر کپور نے کہا ہے کہ نہ صرف وہ بلکہ ان کے والد اور والدہ بھی پاکستانی اداکار فواد خان کی اداکاری سے متاثر ہیں
ممبئی: بالی وڈ کے کئی سپر سٹارز پاکستانی اداکاروں کی صلاحتیوں کے معترف ہیں۔ حال ہی میں کپور خاندان کی جانب سے پاکستانی اداکار فواد خان کی اداکاری کی تعریف کی گئی ہے۔ برفی بوائے اور کپور خاندان کے چشم و چراغ رنبیر کپور نے کہا ہے کہ نہ صرف وہ بلکہ ان کے والد اور والدہ بھی پاکستانی اداکار فواد خان کی اداکاری سے متاثر ہیں، بلکہ تماشہ ہیرو ان کے بڑے پرستار بھی ہیں۔ رنبیر کپور نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس اڑی حملے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کی وجہ سے فواد خان کو بھارت میں نفرت برداشت کرنا پڑی۔ خیال رہے کہ رنبیر کپور اور فواد خان نے پروڈیوسر کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل میں ایک ساتھ کام کیا تھا، فلم بھارتی انتہا پسندوں کی مخالفت کے باوجود کامیاب گئی تھی۔ بھارتی انتہا پسندوں نے فواد خان کی اس فلم کے پوسٹرز کو بھی جلا دیا تھا، جبکہ فلم پروڈیوسر کرن جوہر سمیت دیگر اداکاروں کو بھی دھمکیاں دی گئیں تھیں۔ رنبیر کپور نے اپنے والی فلم جگا جاسوس کی پروموشن کے دوران اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فواد خان ان کا بہترین دوست ہے، اور آج تک ان دونوں کے درمیان رابطہ بھی برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فواد خان کے بہت بڑے پرستار ہیں، کیوں کہ انہوں نے اے دل ہے مشکل میں بہترین اداکاری کی۔ رنبیر کپور کا مزید کہنا تھا کہ صرف وہ بلکہ ان کے والدین رشی کپور اور نیتو سنگھ بھی فواد خان کی اداکاری سے متاثر ہیں، کیوں کہ پاکستانی اداکار نے 2016ء میں رشی کپور کے ساتھ کپور اینڈ سنز میں کام کیا تھا۔