ممبئی………بالی ووڈ کے صفِ اول کے اداکار و بہترین ڈانسر شاہد کپورآج اپنی 35 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ 25فروری1981کو بھارتی ریاست مہارشٹراکے دارالحکومت ممبئی میں پیدا ہونے والے شاہد نے اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز سبھاش گئی کی فلم “تال”سے بطور ایکسٹرا ڈانسر کیا تاہم بطور ہیرو انکی پہلی فلم2003میں “عشق وشق”تھی۔
اپنی پہلی ہی فلم میں بہترین ڈیبیو اداکار کے کئی ایوارڈز حاصل کرنے والے شاہد نے ناصرف اداکاری بلکہ ڈانس کے شعبے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فلم وواہ،فدا،شکار،جب وی میٹ،کمینے،36چائنا ٹاؤن،چھپ چھپ کے،قسمت کنکشن اور پاٹ شالہ سمیت کئی فلموں میں کام کیااور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔گزشتہ کئی سالوں سے شاہد کی قسمت کاستارہ گردش میں رہا اور چانس پہ ڈانس،بدمعاش کمپنی ،موسم اور تیری میری کہانی سمیت انکی پے درپے کئی فلمیں ناکامی سے دوچارہوئیں تاہم وشال بھردواج کی شیکسپیئر کے ناول ہیملٹ سے ماخوذ فلم حیدر سے شاہد ایک بار پھر بالی ووڈ میں اپنی کھوئی ہوئی پہچان کسی حد تک حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔گزشتہ سال جولائی میں شاہد کپور میرا راجپوت سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے جن کی شادی کے بعد عالیہ بھٹ کے ساتھ آنے والی فلم شاندار کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی۔